اسلام آباد: (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان میں سونے کی قیمت میں اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بدھ کے روز سونا سستا جبکہ چاندی مہنگی ہو گئی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 34 ہزار 762 روپے رہی، جو گزشتہ کاروباری روز 4 لاکھ 35 ہزار 762 روپے تھی۔
اسی طرح 24 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کم ہو کر 3 لاکھ 72 ہزار 738 روپے پر آ گئی، جبکہ 22 قیراط کے 10 گرام سونے کی قیمت 786 روپے کمی کے ساتھ 3 لاکھ 41 ہزار 688 روپے ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کیڈٹ کالج حملہ: خوارج کی سازش ناکام ، کیڈٹس اور اساتذہ کے حوصلے بلند
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی جہاں فی اونس قیمت 59 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 124 ڈالر ہو گئی، جو اس سے قبل 4 ہزار 134 ڈالر تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ 24 قیراط چاندی فی تولہ 81 روپے مہنگی ہو کر 5 ہزار 424 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 69 روپے اضافے سے 4 ہزار 658 روپے ریکارڈ کی گئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی منڈی میں چاندی کی قیمت میں بھی 0.81 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 51.72 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو پہلے 50.91 ڈالر تھی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کے اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے رویے میں تبدیلی کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے اور چاندی دونوں کی قیمتوں میں مزید تغیر ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 1500 روپے کے پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی کی تاریخ کا اعلان
ورلڈ گولڈ کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا کے سرفہرست ممالک ہیں، جبکہ ایشیاء میں چین اور بھارت سب سے آگے ہیں۔ پاکستان سونے کے ذخائر کے اعتبار سے عالمی درجہ بندی میں 49 ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ کے مطابق مرکزی بینکوں نے سال 2024ء کے دوران 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا جو گزشتہ دہائی کی اوسط سالانہ خریداری سے تقریباً دگنا ہے۔




