پاکستان کی ممتاز ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں

پاکستان کی معروف ادبی شخصیت، دانشور، تعلیمی ماہر اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں۔ ان کے انتقال کی خبر نے علمی، ادبی اور سماجی حلقوں میں گہرے صدمے کی فضا پیدا کر دی ہے۔

پاکستانی ڈراما نویس، مصنف اور شاعر اصغر ندیم سید نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہمہ جہت شخصیت تھیں جنہوں نے اپنی زندگی علم، ادب اور معاشرتی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا، بعد ازاں ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ وہ علمی اور انتظامی لحاظ سے غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی مارکیٹ میں لگژری گاڑیوں کا مقابلہ، بہترین کون سی ہے؟

1986 سے 2009 تک انہوں نے گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں ادارے نے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر بنایا بلکہ خواتین کے لیے تعلیمی مواقع میں بھی اضافہ ہوا۔

مزید برآں، ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا سات زبانوں پر عبور رکھتی تھیں اور کئی تعلیمی، انتظامی، سماجی اور ثقافتی کمیٹیوں کی رکن بھی رہ چکی تھیں۔ ان کی خدمات نے تعلیم، ادب اور معاشرتی فہم کو نئی جہت دی۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری ایتھلیٹ محمد یوسف ملک اور مونا ہمدانی نے میراتھن ریکارڈ بنالیا

ان کے انتقال سے پاکستان ایک عظیم دانشور، معلمہ اور محققہ سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی علمی بصیرت، مثبت سوچ اور خدمتِ انسانیت کا جذبہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا نام آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

Scroll to Top