اپوزیشن اتحاد نے 27 ویں ترمیم کے خلاف تحریک شروع کردی

اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین نے 27 ویں ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اور پارلیمنٹ کو غیر فعال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک تحفظ آئین محمود اچکزئی نے کہا کہ آج سے تحریک شروع ہو رہی ہے اور رات ساڑھے آٹھ بجے سے نعرے لگانا شروع کیے جائیں گے۔ آج کا نعرہ ہوگا: “ایسے دستور کو ہم نہیں مانتے”۔

چیئرمین نے واضح کیا کہ اپوزیشن اس ترمیم کے خلاف ہر ممکن اقدام اٹھائے گی اور پارلیمنٹ کو اس معاملے پر چلنے سے روکنے میں مکمل کردار ادا کرے گی۔ محمود اچکزئی کے مطابق یہ تحریک آئینی تحفظ اور عوامی مفادات کے لیے ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیم:پیپلز پارٹی نے صدر اور نیب کے حوالے سے اہم مطالبات پیش کر دیے

مشترکہ پریس کانفرنس میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ 27 ویں ترمیم میں شامل شقیں شخصیات کے فائدے اور نقصانات کے پیش نظر کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کا کسی شخص سے تعلق نہیں ہوتا، لیکن اشرافیہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے آئین میں ترمیم کر رہی ہے۔ یہ اقدام ملک میں آئینی غیر یقینی صورتحال پیدا کرے گا۔

سینیٹر راجہ ناصر عباس نے بھی ترمیم کی شدید مخالفت کی اور کہا کہ پارلیمنٹ اور عدلیہ کو تباہ کیا جا رہا ہے، اور اس ترمیم سے ملک کو تباہی کے راستے پر لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہر حد تک جائے گی تاکہ اس ترمیم کا راستہ روکا جا سکے اور آئینی تحفظ برقرار رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی موٹرز کی آفر: پرانی گاڑی کے بدلے نئی سوزوکی حاصل کریں

اپوزیشن اتحاد نے واضح کیا ہے کہ یہ تحریک صرف 27 ویں ترمیم کے خلاف نہیں بلکہ آئینی اصولوں کی حفاظت اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے ہے۔ تحریک کے دوران مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور نعرے بازی کی جائے گی تاکہ حکومت کو آئینی تحفظ کے اہم مسئلے پر دھیان دینا پڑے۔

Scroll to Top