ذیشان حیدر

غلطی ماننے والے پی ٹی آئی ممبران کیلئےدروازے کھلے ہیں : ذیشان حیدر

جہلم ویلی (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے نائب صدر اور بین الاقوامی یوتھ ایکٹوسٹ سید ذیشان حیدر نے کہا ہے کہ وہ ممبرانِ اسمبلی جو اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے غیر مشروط طور پر دوبارہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں، ان کے لیے راستہ بند نہیں کیا جا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اراکین کے حوالے سے چیئرمین عمران خان سے بات کی جا سکتی ہے اور اگر وہ سچے دل سے اپنی اصلاح چاہتے ہیں تو ان کے لیے ضرور گنجائش پیدا کی جا سکتی ہے ۔

ہٹیاں بالا میں مقامی صحافیوں سے گفتگو میں سید ذیشان حیدر نے کہا کہ دنیا میں کوئی مسئلہ ایسا نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔ تحریک انصاف آزادکشمیر میں بننے والا فارورڈ بلاک مخصوص سیاسی حالات اور بیرونی مداخلت کے باعث وجود میں آیا تھا، جو بالآخر اپنی موت آپ مر گیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اس عرصے میں اراکینِ اسمبلی کی ’’منڈی‘‘ لگائی ۔ جلد بازی میں کچھ مال اس منڈی میں بہت سستے داموں بک گیا۔ مگر یہ منڈی بہت جلد اپنے ہی بوجھ تلے دب گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کےمفاد پرست سیاستدانوں کاعوام الیکشن میں احتساب کریں: سید ذیشان حیدر

انہوں نے کہا کہ تمام اراکینِ اسمبلی کو ایک ہی نظر سے دیکھنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ بعض باوقار، بااصول اور سیاسی دباؤ کا شکار اراکین اپنی مرضی کے خلاف اس گروپ کا حصہ بنے، جنہوں نے اب احساسِ ندامت کا اظہار کیا ہے ۔

ایسے اراکین کے لیے تحریک انصاف کے دروازے کھلے رکھنے چاہییں کیونکہ جماعتوں کی مضبوطی اسی وقت ممکن ہے جب نظریاتی کارکنوں اور قیادت کے درمیان اعتماد کی فضا بحال ہو ۔

سید ذیشان حیدر نے کہا کہ غلطی ہر انسان سے ہو سکتی ہے، لیکن اگر کوئی شخص سچے دل سے معافی کا خواستگار ہو تو اللہ تعالیٰ بھی اسے معاف فرماتا ہے اور دوسروں کو بھی معاف کرنے کا حکم دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر ایک نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے جو وفاداری، اصول پسندی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ جماعت کے دروازے ہمیشہ ان کے لیے کھلے ہیں جو نظریے کے ساتھ اخلاص رکھتے ہیں اور عمران خان کی قیادت پر ایمان رکھتے ہیں ۔

Scroll to Top