جموں میں انسانی تاریخ کا بدترین قتل عام ہوا،وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد: (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ جموں میں انسانی تاریخ کا ایک بدترین قتلِ عام ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء میں جموں کے مسلمانوں کا سفاکانہ قتلِ عام ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی سرپرستی میں بھارتی افواج، ڈوگرہ فورسز، آر ایس ایس اور اکالی دل کے دہشت گردوں نے منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا۔ اس قتل عام کا مقصد جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نومبر 1947ء کے پہلے ہفتے میں جموں کے مسلمانوں کو پاکستان پہنچانے کے بہانے گاڑیوں میں بٹھایا گیا اور غیر آباد مقامات پر لے جا کر شہید کیا گیا۔ اس ظلم و بربریت کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اس قتلِ عام میں لگ بھگ ڈھائی لاکھ نہتے مسلمان شہید ہوئے، جبکہ ہزاروں خواتین کو اغوا کیا گیا جن میں رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی دختر بھی شامل تھیں۔

انہوں نے کہا کہ لاکھوں مسلمان اس ظلم سے بچنے کے لیے پاکستان ہجرت پر مجبور ہوئے، اور پاکستان کے عوام نے ان مہاجرین کو اپنے گھروں میں جگہ دے کر عزت و احترام سے نوازا۔ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت 1947ء سے اب تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ بھارتی آئین سے آرٹیکل 35-اے کا خاتمہ اور نئے ڈومیسائل قوانین کا اجرا اسی منصوبے کا تسلسل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 6 نومبر 1947 ،وہ دن جب جموں کی زمین لاکھوں مسلمانوں کے خون سے رنگین ہوئی

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی اور حریت کی آواز کو دبانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے۔ وہاں اسلامی ثقافت کو مسخ کرنے اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری عوام الحاقِ پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارت ظلم و بربریت کی کوئی بھی حد عبور کر لے لیکن کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: یوم شہدائے جموں،آئی ایس پی آر کا نیانغمہ’’کشمیر ہمارے خوابوں کی تعبیر‘‘ریلیز

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یومِ شہدائے جموں کے موقع پر ہم تحریکِ آزادی کے تمام شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ اس مشعل کو ہر حال میں روشن رکھیں گے جو ان شہیدوں نے اپنے خون سے جلائی۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں کردار ادا کرے اور اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب سری نگر میں سبز ہلالی پرچم لہرائے گا۔

Scroll to Top