قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی جنوبی افریقا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ٹوئٹ وائرل ہوگئی ہے۔ بابر اعظم نے ایک بار پھر اپنے بیٹ سے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ناقدین کو خاموش کر دیا اور شائقینِ کرکٹ کے دل جیت لیے۔
فیصلہ کن میچ میں بابر اعظم نے 47 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے نہ صرف ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا بلکہ میدان میں ان کے مخصوص اسٹائل اور اعتماد نے ایک بار پھر شائقین کو متاثر کیا۔ شاندار کارکردگی کے باعث بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔
Grateful to be back doing what I love 🇵🇰
Thankful for those who believed when it was quiet 🙏🏼 pic.twitter.com/OV8faTLMyS— Babar Azam (@babarazam258) November 2, 2025
میچ کے بعد بابر اعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: “شکر گزار ہوں کہ میں دوبارہ وہی کر رہا ہوں جو مجھے پسند ہے، اُن سب کا شکریہ جنہوں نے خاموشی کے وقت میں مجھ پر یقین رکھا۔”
یہ پیغام مداحوں کے دلوں کو چھو گیا اور چند ہی لمحوں میں وائرل ہوگیا۔ شائقین نے ان کی اس ٹوئٹ کو بھرپور سراہا اور انہیں ’’مستقل مزاجی‘‘ اور ’’حوصلے‘‘ کی علامت قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 کرکٹ : بابر اعظم نے روہت شرما کے بعد ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
واضح رہے کہ یہ مئی 2024 کے بعد پہلا موقع تھا جب بابر اعظم نے کسی بین الاقوامی میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔ ان کی فارم میں واپسی پر کرکٹ شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے لیے ہزاروں تعریفی تبصرے سامنے آئے، جہاں مداحوں نے ان کی محنت اور عزم کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی او ’وژن 2025‘: نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور
بابر اعظم کی یہ کارکردگی ان کے فینز کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہوئی ہے۔ شائقین کو یقین ہے کہ وہ آنے والے میچز میں بھی اسی جذبے اور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کریں گے اور ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کی کامیابیوں کا محور بنیں گے۔




