میرپور:پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) ضلع میرپور کے زیرِ اہتمام ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرز ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ایک روزہ ٹراما اینڈ ایمرجنسی کیئر ورکشاپ کامیابی سے منعقد ہوئی۔
ورکشاپ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین نے بطور ماسٹر ٹرینرز شرکت کی۔ ان ماہرین میں ڈاکٹر انصر محمود — کنسلٹنٹ ایمرجنسی میڈیسن، امریکن انٹرنیشنل ہسپتال دبئی؛ ڈاکٹر عبدالسطار — کنسلٹنٹ ایمرجنسی میڈیسن، میش ہسپتال دبئی؛ ڈاکٹر ادریس رزاق — کنسلٹنٹ ایمرجنسی میڈیسن، نیشنل ہیلتھ سروس (NHS) برطانیہ؛ اور پروفیسر ڈاکٹر ثاقب اسماعیل — پیڈیاٹرک سرجن، میرپور میڈیکل کالج شامل تھے۔
یہ ورکشاپ صدر پی ایم اے میرپور و ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد کی زیرِ نگرانی منعقد ہوئی، جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عامر عزیز اور پرنسپل میرپور میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔ ورکشاپ میں نوے سے زائد ڈاکٹرز نے شرکت کی، جن میں پروفیسرز، کنسلٹنٹس، فزیشنز اور ہاؤس سرجنز شامل تھے۔ اس کے علاوہ پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی تربیت دی گئی تاکہ ایمرجنسی کے دوران مؤثر اور بروقت طبی امداد دی جا سکے۔
ورکشاپ میں لیکچرز کے ساتھ عملی تربیتی سیشنز (Hands-on Practice) بھی شامل تھے، جن میں ٹراما کے فوری علاج، جان بچانے والے اقدامات، اور ٹیم ورک کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ شرکاء کو حقیقی صورتحال کے مشابہ تربیت فراہم کی گئی تاکہ وہ ہنگامی حالات میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے محمد عامر نے برطانیہ میں کم عمر لارڈ میئر بن کر تاریخ رقم کر دی
اختتامی اجلاس سے پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر (پرنسپل ایم بی بی ایس)، ڈاکٹر عامر عزیز (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال)، پروفیسر ڈاکٹر زرداد (سربراہ شعبہ سرجری)، پروفیسر ڈاکٹر طارق مسعود (سربراہ شعبہ میڈیسن)، پروفیسر ڈاکٹر ندیم اور ڈاکٹر اعجاز احمد (منتظمِ کورس) نے خطاب کیا۔ مقررین نے ورکشاپ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی ماہرین اور منتظمین کی خدمات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: ایس سی او ’وژن 2025‘: نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور
انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرتے ہیں اور مریضوں کی جانیں بچانے کے امکانات کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
اختتام پر شرکاء نے ڈاکٹر اعجاز احمد کو ان کی قیادت، محنت اور کامیاب تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔




