ضلع نیلم کے بازاروں میں سولر سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ مکمل، رات کے اوقات میں روشنی بحال

نیلم : ممبر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر اور سابق وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ضلع نیلم کے پانچ مصروف بازاروں میں سولر سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ مکمل کرلیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت کیل، شاردہ اور لوات کے تین اہم بازاروں میں سولر لائٹس نصب کی گئی ہیں، جس کے باعث اب یہ علاقے رات کے اوقات میں بھی روشن رہیں گے۔

توانائی کے بحران اور عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف مقامی آبادی بلکہ سیاحتی مقامات خصوصاً کیل اور شاردہ آنے والے سیاح بھی مستفید ہوں گے۔ سولر سسٹم کے باعث بجلی کی بندش کے باوجود بازاروں میں روشنی برقرار رہے گی، جس سے سیکورٹی کی صورتحال میں بہتری آئے گی اور کاروباری سرگرمیاں بھی رات کے اوقات تک ممکن ہوسکیں گی۔

ابتدائی مرحلے میں اکیس سے زائد سولر لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ منصوبے کے حوالے سے مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ سولر سٹریٹ لائٹس کا منصوبہ عوامی سہولت اور سیاحت کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لائٹس سے عوام اور تاجروں کو محفوظ، روشن اور پُرامن ماحول فراہم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں وادی نیلم کے تمام تجارتی مراکز، پارکوں، رہائشی علاقوں اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی سولر لائٹس نصب کرنے کا ارادہ ہے۔

شہر کے بازاروں میں سورج کی روشنی سے جگمگاتی یہ لائٹس بجلی کی بچت کے ساتھ عوام کے اعتماد کی علامت بن رہی ہیں۔ شہریوں اور تاجروں نے ممبر اسمبلی مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے نیلم کے بازاروں کی رونق میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ثالثین کی درخواست پر پاکستان کا افغان طالبان سے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق

یاد رہے کہ مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ایم ایل ایز فنڈز کے ذریعے اعلیٰ معیار کی سولر لائٹس کی تنصیب یقینی بنائی ہے۔ ان کی ہدایت پر سردار نوشاد احمد، مفتی عبیدالرحمن اور راجہ وقاص پر مشتمل ٹیم نے کیل، شاردہ اور لوات کے بازاروں میں عوامی نمائندوں اور تاجران کی موجودگی میں سولر سسٹم نصب کیے۔

Scroll to Top