اسلام آباد:پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار روایات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے 2100بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں جو 4سے 13نومبر تک پاکستان میں منعقد ہونے والی باباگرونانک کے جنم دن کی تقریباب میں شرکت کریں گے ۔
دورے کے دوران سکھ یاتری دیگر مقامات کے علاوہ گوردوارہ ننکانہ صاحب، گوردوارہ پنجہ صاحب اور گوردوارہ کرتار پور صاحب بھی جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یو این کے باہر کشمیریوں کا احتجاج، سکھ بھی شریک
پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے سکھ یاتریوں کو دلی مبارکباد دی اور ان کے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین المذاہب اور بین الثقافتی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، سکھ یاتریوں کو مقدس مقامات کے دوروں میں سہولت فراہم کرتے رہیں گی۔
ویزوں کا اجرا مذہبی مقامات کے دوروں سے متعلق 1974 کے دوطرفہ فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔




