27 اکتوبر صرف ایک دن نہیں بلکہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کا استعارہ ہے؛ شاہ غلام قادر

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر، شاہ غلام قادر نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری قوم کل بھی پاکستان کے ساتھ تھی، آج بھی پاکستان کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتی تسلط سے کشمیری ایک دن ضرور آزاد ہوں گے۔

27 اکتوبر: کشمیریوں کے لیے سیاہ ترین دن:

شاہ غلام قادر نے 27 اکتوبر کو کشمیریوں کے لیے سیاہ ترین دن قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دن بھارت نے اپنی فوجیں مقبوضہ کشمیر میں اتار کر ریاست کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کر لیا تھا۔ یہ دن کشمیری عوام پر ڈھائے گئے مظالم اور ان کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس دن سے آج تک پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔

کشمیری عوام کی یکجہتی اور پاکستان کا موقف:

انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط میں قید مقبوضہ کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے ساتھ آج بھی آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور پاکستانی عوام اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہے۔
شاہ غلام قادر نے واضح کیا کہ بھارت نے کشمیریوں پر مختلف حربے استعمال کیے، مگر کشمیریوں کے دل نہیں جیت سکے۔ انہوں نے کہا:
“ہم ان شاء اللہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری و ساری رکھیں گے۔ بھارت جب بھی مقبوضہ کشمیر کو اپنے قبضے میں رکھنے کی کوشش کرے گا اسے کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری ایک دلیر قوم ہے جو بھارت کے کسی مظالم کے سامنے نہیں جھکے گی۔

کشمیری جدوجہد اور قربانیاں:

شاہ غلام قادر نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے زخموں کو تازہ کر دیتا ہے۔ ان کی آزادی کو پامال کر کے اُن کی سرزمین پر زبردستی قبضہ کیا گیا۔ اس غیر آئینی اور جبری قبضے کے خلاف کشمیری عوام آج بھی سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں شہداء کا لہو، ہزاروں گمشدہ افراد، ماؤں کی آہیں، بہنوں کے آنسو، اور نوجوانوں کی قربانیاں اس جدوجہد کو ایک لازوال تحریک میں بدل چکی ہیں۔

شاہ غلام قادر نے زور دے کر کہا کہ 27 اکتوبر صرف ایک دن نہیں بلکہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کا استعارہ ہے۔ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ بھارت کا دعویٰ جمہوریت صرف ایک دھوکہ ہے، جہاں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت تک نہیں دیا جا رہا۔

Scroll to Top