اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب دورہ آج سے شروع کریں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف آج بروز پیر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر 27 سے 29 اکتوبر 2025 تک ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی سعودی عرب جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت وفاقی کابینہ کے اہم وزراء شامل ہوں گے۔ یہ وفد ریاض میں منعقد ہونے والے مستقبل سرمایہ کاری اقدام (FII) کے نویں ایڈیشن میں شرکت کرے گا۔
ایف آئی آئی فورم میں عالمی رہنماؤں کی شرکت:
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایف آئی آئی 9 عالمی رہنماؤں، سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں اور ماہرینِ جدت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرے گا۔ اس سال فورم کا موضوع ’’ترقی کی کنجی: نمو کی نئی سرحدوں کا حصول‘‘ رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس میں عالمی چیلنجز اور نئے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
وزیر اعظم کا سعودی قیادت سے اہم ملاقاتوں کا امکان:
اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب دورہ کے دوران سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے اور خطے میں اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم کی شرکت پاکستان کے لیے سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنت نظیر پر بھارتی قبضے کے 78 سال مکمل، کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں




