وزارت امور کشمیر کا27اکتوبر کو یوم سیاہ بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزارت امور کشمیروگلگت بلتستان نے 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ بھرپور جوش و جذبے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

انجینئر امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ میں بھارت کے مظالم کے خلاف مزاحمت پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، آج بھی بھارت کے مظالم جاری ہیں اور ہزاروں معصوم کشمیری شہید اور قید کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا بھر میں اجاگر ہوا ہے،وزارت امورِ کشمیر نے یومِ سیاہ بھرپور انداز میں منانے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا ہے، اس سال یہ دن پہلے سے زیادہ جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے وفد کی وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے اہم ملاقات

انہوں نے آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یومِ سیاہ پر ایک مشترکہ پیغام دیا جائے گا۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبدالمتین نے کہا کہ یہ دن ہمارے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک ہیں اور اے پی ایچ سی کی قیادت یومِ سیاہ کی تمام ریلیوں میں بھرپور شرکت کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی سفارت خانے بھی یومِ سیاہ کے حوالے سے سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے اور تمام سرگرمیوں کو بروقت قومی میڈیا تک پہنچایا جائے گا۔

وزیرامور کشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔

یاد رہے کہ 27اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آرپار سمیت دنیا بھر میں مقیم یوم سیاہ مناتے ہیں اور اس روز دنیا بھر میں احتجاج ریکارڈ کرایا جاتا ہے۔

Scroll to Top