راولاکوٹ شہر سے تجاوزات خاتمے،ٹریفک نظام بہتری کی حکمت عملی طے

راولاکوٹ: راولاکوٹ شہر کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کے منظم نظام کے حوالے سے کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آگئی ۔

ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولاکوٹ سردار عبدالقادر کی قیادت میں کمیٹی ممبران نے شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور ٹریفک پلان کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ راولاکوٹ شہر کو تین مختلف زونز میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ چھ مقامات کو پارکنگ پوائنٹس کے طور پر حتمی شکل دے دی گئی ہے، جن کے لیے ضروری انتظامی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

شہر کے چند اہم مقامات کو پارکنگ فری ایریاز قرار دیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ اسی طرح شہر میں روزانہ آنے والے تاجران اور پرائیویٹ ملازمین کے لیے علیحدہ پارکنگ پوائنٹس مختص کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: باغ شہر میں تجاوزات، اسسٹنٹ کمشنر کلیم عباس ان ایکشن،گرینڈ آپریشن کی تیاریاں

تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کے اطراف میں پارکنگ کے مسائل کے مستقل حل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سردار عبدالقادر نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کریں اور شہر کی صفائی و بہتری میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ راولاکوٹ کو ایک منظم اور خوشنما شہر بنایا جا سکے۔