اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نوکریوں کا اعلان کردیا، واک ان انٹرویوز 3 نومبر 2025 سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی اور اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں 200 جونیئر ایگزیکٹیوز (ڈیٹا انٹری آپریٹرز) کی بھرتی کا اعلان کیا ہے، یہ اقدام نادرا کی خدمات کو بہتر بنانے اور شہریوں کی سہولت کے لیے کیا جا رہا ہے۔
واک ان انٹرویوز 3 نومبر 2025 سے شروع ہوں گے، بھرتی کا دائرہ کراچی کے پانچ اضلاع اور اندرون سندھ کے نو اضلاع پر محیط ہوگا، جن میں میرپورخاص، میرپور ساکرو، کوٹری، ماتھیری، چچرو، جھودو، میرپور تھارو، ٹنڈو اللہیار، جامشورو، ٹھٹہ اور سجاول شامل ہیں۔
اہلیت کے معیار کے مطابق امیدوار کم از کم انٹرمیڈیٹ تعلیمی قابلیت کے حامل ہوں، اور زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال ہونی چاہیے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ اس توسیعی منصوبے کا مقصد نیم شہری اور دیہی علاقوں میں نادرا کی رسائی کو بہتر بنانا، شہریوں کو تیز تر خدمات فراہم کرنا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
متعدد اضلاع میں نئے علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے، جس کے لیے زمین خریدنے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نیشنل بایومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے، جو یکم جنوری 2025 کو وزیر اعظم شہباز شریف نے منظور کیا تھا۔
نادرا نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر سینٹرز میں پیدائش اور اموات کے اندراج کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا ہے تاکہ یہ عمل زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن سسٹم میں بہتری لائے اور موجودہ خامیوں کو دور کرے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھمبر: ڈی ایچ او ڈاکٹر ارم بتول کا ٹی ایچ کیو ہسپتال برنالہ کا دورہ ،اہم ہدایات جاری




