سپریم کورٹ: پاپولیشن ویلفیئر ملازمین کی برطرفی کالعدم،بحال کرنے کا حکم

 مظفرآباد(کشمیرڈیجیٹل)سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر نے محکمہ بہبودِ آبادی پاپولیشن ویلفیئر کے برطرف ملازمین (سوشل موبلائزرز، بی پی ایس7کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے ان کی برطرفی کے احکامات کالعدم قرار دیدیئے۔

تمام درخواست گزاروں کو سروس تسلسل کیساتھ فوری طور پر اپنے عہدوں پر بحال کرنے کا حکم صادر کر دیاگیا ہے۔عدالتِ عظمیٰ کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان اور جسٹس رضا علی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یاسمین رشید و دیگر کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ کسی بھی ملازم کو شنوائی کا موقع دیئے بغیر اور فریق بنائے بغیر ملازمت سے فارغ کرنا انصاف کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

محکمہ بہبودِ آبادی نے 3 فروری 2021 کو اشتہار نمبر AJK-218D/02/2021 کے ذریعے سوشل موبلائزر (BPS-7) کی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا تھا، جس میں میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے کوٹے کی آسامیاں بھی شامل تھیں۔

اس بھرتی کے خلاف تنزیلہ شکیل نے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی تھی جس میں صرف میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کے کوٹے اور بعض مخصوص امیدواروں کی رہائش (یونین کونسلز) پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

بعد ازاں معاملہ سپریم کورٹ میں اپیل کی صورت میں آیا، جس پر عدالتِ عظمیٰ نے 12 مارچ 2025 کو سیکرٹری بہبودِ آبادی کو اشتہار کی قانونی حیثیت سے متعلق انکوائری کی ہدایت کی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مریم ادریس میرپور یونیورسٹی سینیٹ کی رکن مقرر

تاہم، محکمانہ حکام نے 14 مئی 2025 کی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں 29 مئی 2025 کو ان ملازمین کی خدمات بھی ختم کر دیں جن کی تقرریوں کو نہ تو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور نہ ہی وہ کسی عدالتی کارروائی میں فریق تھے۔

درخواست گزاروں کی جانب سے بیرسٹر ہمایوں نواز خان ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلین کی تعیناتی پر نہ کوئی اعتراض اٹھایا گیا اور نہ ہی برطرفی سے قبل انہیں کوئی شوکاز نوٹس یا صفائی کا موقع دیا گیا جبکہ محکمانہ انکوائری رپورٹ میں بھی ان کی بھرتی میں کوئی بے ضابطگی نہیں پائی گئی تھی۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ جنرل ایم ندیم خان نے مؤقف اپنایا کہ محکمے نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کارروائی کی ہے۔

جسٹس رضا علی خان کا تحریر کردہ 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ سناتے ہوئے عدالتِ عظمیٰ نے عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 42-A(1) کے تحت مکمل انصاف کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے درج ذیل احکامات جاری کردیئے۔

سیکرٹری بہبودِ آبادی اور محکمے کی جانب سے 29 مئی 2025 کو جاری کردہ برطرفی کے تمام احکامات کو درخواست گزاروں کی حد تک کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

فوری بحالی: تمام درخواست گزاروں کو سروس تسلسل کے ساتھ فوری طور پر ان کے متعلقہ عہدوں پر بحال کیا جائے۔

مجاز اتھارٹی کو یہ اختیار حاصل رہے گا کہ اگر وہ ضروری سمجھے تو قابلِ اطلاق سروس رولز اور قانون کے مطابق درخواست گزاروں کی انفرادی تعیناتیوں کا جائزہ لے۔

تاہم کسی بھی کارروائی سے قبل انہیں باقاعدہ وجوہات فراہم کرنا اور صفائی (شنوائی) کا مکمل موقع دینا لازم ہوگا۔

12 مارچ 2025 کا اصل فیصلہ ان فریقین کی حد تک برقرار رہے گا جو ابتدائی مقدمے میں شامل تھے۔