طلباء وطالبات سے کروڑوں روپے ہتھیانے والاجعلی پروفیسر گرفتار

بھمبر:تھانہ سٹی بھمبر نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پروفیسر پنجاب سے گرفتارکرلیا جس پر طلباء و طالبات سے خردبرد، بلیک میلنگ اور بیرونِ ملک تعلیم کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزامات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھمبر پولیس نے بڑے فراڈ کے ملزم، شہرت یافتہ جعلی پروفیسر قاسم شاہین وڑائچ کو پنجاب سے گرفتار کر لیاہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں اور ان کے والدین کو بیرونِ ملک تعلیم و روزگار کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے ہتھیائے اور بعدازاں انہیں بلیک میل بھی کیا۔

ایس پی بھمبر خواجہ عبدالقیوم اور ڈی ایس پی نصیر احمد کی ذاتی کاوش سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم ویلی:جویریہ زبیر قتل کیس،7 افرادکیخلاف مقدمہ درج،متعدد ملزمان گرفتار

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بھمبر کے متعدد معزز شہریوں کی بیٹیوں اور دیگر افراد سے بیرونِ ملک ملازمت و تعلیم کے بہانے رقم لی۔

متاثرہ شہریوں کے مطابق، ملزم مختلف اسٹامپ پیپرز پر دستخط کروا کر بعد میں اپنی مرضی کی تحریریں بنا کر انہیں بلیک میل کرتا رہا۔

متاثرین نے ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور رقم واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہےجبکہ پولیس نے ملزم کو حوالات میں بند کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ایس پی بھمبر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بیرونِ ملک تعلیم یا روزگار کی پیشکش کی صورت میں ہمیشہ متعلقہ اداروں سے تصدیق کریں اور کسی مشتبہ سرگرمی پر فوری پولیس سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top