وزیراعظم کی زیر صدارت اہم ترین سیکیورٹی اجلاس، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا شرکت سے انکار

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت افغان مہاجرین کی واپسی سے متعلق اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس جاری ہے جس میں تین صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شریک ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے قومی سطح کے اس اہم اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اسلام آباد میں موجود ہونے کے باوجود اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ سرکاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس کا واحد نکاتی ایجنڈا افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل پر غور ہے، جبکہ اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اس اجلاس میں عسکری حکام اور وفاقی کابینہ کے ارکان بھی شریک ہیں۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے متعلق انتظامی امور، سیکیورٹی صورتحال، اور صوبوں میں عمل درآمد کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں یہ بھی زیر غور ہے کہ واپسی کے عمل کو انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ صوبوں پر اضافی دباؤ نہ پڑے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے حوالے سے ایک اور اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ اجلاس میں گندم پالیسی پر بھی بات چیت متوقع ہے تاکہ ملک میں خوراک کے ذخائر کو مستحکم رکھا جا سکے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ حالیہ قدرتی آفات کے اثرات کم سے کم ہوں اور متاثرین کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سہیل آفریدی کو نہیں جانتے تھے،کس کے کہنے پر سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ نامزد کیا؟

Scroll to Top