جھوٹ اور پروپیگنڈا نے بھارتی فوج کو ’تماشہ‘ بنا دیا: پاک فوج

اسلام آباد: پاک فوج نے بھارتی فوجی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عوام اور عالمی برادری کو جھوٹ اور پراپیگنڈا پر مبنی معلومات فراہم کرنے سے بھارتی فوجی مشین “تماشہ” بن چکی ہے۔

بدھ کو جاری اپنے بیان میں انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ ’’یہ گہری تشویش کے ساتھ نوٹ کیا گیا ہے کہ مارکۂ حق کے پانچ ماہ بعد، بہار اور مغربی بنگال کے انتخابات سے قبل بھارتی فوجی قیادت نے ایک بار پھر وہی غیر حقیقی، گھڑی ہوئی اور اشتعال انگیز پراپیگنڈا دہرانا شروع کردیا ہے، جو وہ بھارت میں ہر ریاستی انتخاب سے پہلے دہراتے ہیں۔‘‘

آئی ایس پی آر کا بیان بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیانات کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ بھارتی فوج کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (DGMO) لیفٹیننٹ جنرل راجیو گھائی نے، این ڈی ٹی وی کے مطابق، دعویٰ کیا کہ مئی کے تنازع کے دوران پاکستان کو 100 سے زائد فوجی جانی نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، مئی کی جھڑپوں کے دوران بھارتی حملوں میں مجموعی طور پر 53 افراد شہید ہوئے، جن میں 13 مسلح افواج کے اہلکار اور 40 عام شہری شامل تھے۔ علاوہ ازیں، بھارت کی ویسٹرن آرمی کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل منوج کمار کٹیار نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’’پاکستان میں بھارت سے لڑنے کی صلاحیت نہیں‘‘ اور “پہلگام جیسے واقعے” کے جواب میں آپریشن سندور 2.0 کی دھمکی دی، جیسا کہ ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا۔

نئی دہلی نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیاحوں پر ہونے والے مہلک حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے، جسے اسلام آباد نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے واقعے کی غیر جانب دار بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’’یہ افسوسناک ہے کہ ایک ایٹمی طاقت کے حامل ملک کی فوجی قیادت شدید سیاسی دباؤ میں غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کر رہی ہے۔ کوئی بھی پیشہ ور فوجی جانتا ہے کہ غیر ضروری خود ستائشی اور اشتعال انگیز بیانات جنونیت کو جنم دے سکتے ہیں جو جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔‘‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی فوجی پریس کانفرنس میں واضح تضادات موجود ہیں جو کسی ردعمل کی مستحق نہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’’بھارتی قیادت تاریخ کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہی ہے، فلمی طرز کی کہانیاں گھڑ رہی ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ بظاہر بھارتی فوج اور سیاسی قیادت اس حقیقت کو تسلیم نہیں کر پارہی کہ انہیں مارکۂ حق میں مئی میں ہونے والے تنازع میں فیصلہ کن شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس میں پاکستان نے بھارت کی سرحد پار کارروائیوں کے جواب میں بھارتی فضائیہ (IAF) کے سات طیارے مار گرائے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ دنیا بھارت کو ’’سرحد پار دہشت گردی کے حقیقی چہرے اور علاقائی عدم استحکام کے مرکز‘‘ کے طور پر پہچانتی ہے جو اپنے عوام اور پڑوسیوں کے نقصان پر مہم جوئی اور بالادستی کی پالیسیوں پر گامزن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینائی سے محروم افراد کا عالمی دن: باغ میں شعور و حقوق ریلی کا انعقاد

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ’’پاکستان کے عوام اور مسلح افواج مکمل عزم کے ساتھ ہر انچ زمین کے دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ہر جارحانہ اقدام کا بھرپور، فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔‘‘

Scroll to Top