صدر زرداری نے صرف تحفظات سنے،جلد عوامی مفاد میں فیصلہ کرینگے، میاں وحید

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سنیئر رہنما، وزیر قانون میاں عبد الوحید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ایک فیملی کی طرح ہے، ہم گھر کی طرح بیٹھ کر مشاورت کرتے ہیں۔ صدر زرداری نے اجلاس میں صرف تحفظات سنے ، کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے میاں عبدالوحید نے کہا کہ زرداری ہاؤس کراچی میں تین گھنٹے اہم صدر زرداری سے اہم ملاقات ہوئی، صدر پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہو ں نے ہمارے تحفظات غور سے سنے۔فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، صرف تحفظات شیئر کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کی میٹنگ کا مقصد صرف مشاورت تھا، فیصلہ نہیں ہونا تھا، آزاد کشمیر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی بات سنی گئی، انشاءاللہ جلد عوام کے مفاد میں فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی آزادکشمیرکی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ایوان صدر طلب

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ پارٹی میں جمہوری روایات کے تحت فیصلے ہوتے ہیں،سی سی اجلاس 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی مناسبت سے ہوگا، آج کی مشاورت کا سی سی اجلاس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوںنے کہا کہ قیادت نے مسائل سنے، امید ہے جلد خوشخبری ملے گی،ہماری قیادت سمارٹ ہے، وہ بہتر فیصلہ کریگی۔

یاد رہے کہ آزادکشمیر میں ایکشن کمیٹی سے معاہدہ کے بعد حکومت کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اراکین کے مرکزی قیادت کیساتھ اجلاس ہوچکے ہیںکیونکہ حکومت کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ مرکزی قیادت نے ہی کرنا ہے۔

گزشتہ دنوں پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے ارکان کا فریال تالپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا تھا جبکہ ن لیگ کے اراکین کی بھی اپنی مرکزی قیادت سے ملاقاتیں ہوئی تھیں۔

Scroll to Top