میٹا، جو فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ جیسی معروف ایپس کی مالک کمپنی ہے، ہمیشہ اپنے پلیٹ فارمز میں صارفین کے لیے نئے فیچرز متعارف کراتی رہتی ہے۔ اب کمپنی نے فیس بک میں ایک ایسا فیچر واپس شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے لوگوں کے لیے ملازمتوں کی تلاش مزید آسان ہو جائے گی۔
یہ فیچر دراصل کوئی نیا فیچر نہیں بلکہ فیس بک کا پرانا فیچر ہے جو 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا، تاہم 2022 میں اسے بند کر دیا گیا تھا۔ اب میٹا نے فیصلہ کیا ہے کہ اسے بہتر شکل میں دوبارہ فیس بک کا حصہ بنایا جائے تاکہ صارفین کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع تک آسان رسائی مل سکے۔
یہ فیچر “لوکل جابز” کے نام سے فیس بک کے مارکیٹ پلیس سیکشن میں ایک علیحدہ ٹیب کے طور پر موجود ہوگا۔ میٹا کے مطابق، یہ متعلقہ گروپس اور بزنس پیجز پر بھی دستیاب ہوگا، جہاں کمپنیاں اپنی جاب پوسٹنگز شیئر کر سکیں گی۔ صارفین ان پر براہِ راست اپلائی کرسکیں گے یا فیس بک میسنجر کے ذریعے کمپنیوں سے گفتگو کر سکیں گے۔
میٹا کے بیان میں کہا گیا کہ کمپنی کا مقصد فیس بک کو محض ایک سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم تک محدود رکھنے کے بجائے اسے ایک کارآمد اور مفید ذریعہ بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ “ہم ہمیشہ لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں اور اب ہم چاہتے ہیں کہ افراد اور چھوٹے کاروباری ادارے روزگار کے مواقع کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑیں۔”
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
یہ فیچر ابتدائی طور پر صرف امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم میٹا کے مطابق آئندہ مہینوں میں اسے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق، یہ اقدام فیس بک کو ایک مکمل سماجی و معاشی پلیٹ فارم کے طور پر مضبوط بنائے گا، جہاں صارفین اب صرف بات چیت ہی نہیں بلکہ ملازمت کے مواقع بھی حاصل کر سکیں گے۔




