پاکستان کی امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت،واشنگٹن میں وزیرخزانہ کی اہم ملاقاتیں

(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی کمپنیوں کو تیل، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔

واشنگٹن میں امریکی معاون وزیرخزانہ رابرٹ کیپ روتھ سمیت دیگر حکام سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ نے پاکستان کی مضبوط معاشی بنیادوں اور ورچوئل اثاثوں سے متعلق قانون سازی پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے امریکی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیرف معاہدے پر ہونے والے کامیاب مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دولت مشترکہ وزرائے خزانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے موسمیاتی فنانسنگ کی اہمیت اور لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب، وفاقی وزیرخزانہ نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں موٹروے سکس کے دو حصوں کی فنانسنگ کی منظوری پر اظہار تشکر کیا گیا، جبکہ پولیو کے خاتمے اور تیل فراہمی کے منصوبوں میں مزید تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وہ کونسا درخت ہے ؟ جس سے سونا اُگتا ہے : سائنسدانوں کی نئی تحقیق نے تہلکہ مچا دیا

محمد اورنگزیب نے آئی ایف سی کے ریجنل نائب صدر اور سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی تقریب میں شرکت بھی کی۔

Scroll to Top