پولیس نے دشمن ملک کی فورس کی طرح حملہ ،بے رحمانہ سلوک کیا، خواجہ فاروق

مظفرآباد: اپوزیشن لیڈرآزادکشمیر اسمبلی خواجہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پولیس کے حملے سے محسوس ہوا کسی دشمن ملک کی پولیس نے حملہ کردیا ہے، کارکنوں پر چاروں طرف سے دھاوا بولا گیا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ میرے سمیت سب کیساتھ جو بے رحمانہ سلوک کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، پولیس کے تشدد،گرفتاریوں ،لاٹھی چارج ،آنسو گیس کے باوجود پی ٹی آئی کارکنوں نے عمران خان کے ساتھ جس محبت، وفاداری کا ثبوت دیا اس پر یہ سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ نے 7فروری سے ہمارے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے شروع کردیئے تھے ،40؍50 کارکن گرفتار کرکے سٹی،صدر،چھتر تھانوں میں بند کردیئے تھے، ہمارے کارکن دفعہ144 کو روندتے ہوئے نکلے۔آزادکشمیر میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، جلد دوبارہ حکومت قائم کرینگے۔

یہ بھی پڑھیں:میرا وعدہ ہے آزاد کشمیر کو ماڈل سٹیٹ بنائینگے: اپوزیشن لیڈر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی

دریں اثناء آزادکشمیرکی سیاسی قیادت نے خواجہ فاروق احمد کی گرفتاری کے طریقہ کار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں اس طرح کا طریقہ کار قابل قبول نہیں،سینئر پارلیمنٹرین کو گھسیٹ کر گرفتار کیا گیا ،ان کی پیرانہ سالی اور بیماری کا بھی خیال نہیں رکھا گیا۔

سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر ، صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین ، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کسی بھی سیاسی رہنما کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے ، کسی کو قانون کو ہاتھ میں لینے اور کسی شہری کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ذمہ داری اور مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کرے، ایسے طرز عمل سے گریز کیا جائے جس سے عوام میں اشتعال پیدا ہو ، آزادکشمیر میں امن و امان برقرار رکھنا اورمثالی جمہوری رویے کا فروغ سب کی ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top