سونے کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، فی تولہ 4 لاکھ 22 ہزار روپے سے تجاوزکر گیا

(کشمیر ڈیجیٹل) سونے کی قیمت میں آج ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں فی تولہ سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت میں 21 ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے عالمی قیمت 4 ہزار 016 ڈالر فی اونس کی سطح پر جا پہنچی۔

عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا ہونے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں بھی 24 قیراط کے فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے اضافے کے ساتھ 4 لاکھ 22 ہزار 700 روپے تک پہنچ گئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت 1 ہزار 800 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 62 ہزار 397 روپے ہوگئی۔ ماہرین کے مطابق موجودہ معاشی صورتحال میں سونا ایک محفوظ سرمایہ سمجھا جا رہا ہے، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عالمی سطح پر سونا جلد 5 ہزار ڈالر فی اونس کی حد عبور کر سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، مرکزی بینکوں کی جانب سے بڑی مقدار میں خریداری، سیاسی غیر یقینی صورتحال اور امریکا میں حکومت کی جزوی بندش شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثے منجمد ہونے سے بھی عالمی منڈی میں سونے کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مذہبی جماعت کا احتجاج، لاہور اور اسلام آباد کے داخلی راستے دوسرے روز بھی بند،معمولات زندگی مفلوج

دنیا بھر میں سونے کے ذخائر کے لحاظ سے امریکا پہلے، جرمنی دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایشیا میں چین سرفہرست جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان اس عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔ ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق دنیا بھر کے مختلف مرکزی بینکوں نے 2024ء کے دوران ایک ہزار میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدا، جو گزشتہ دہائی کی سالانہ اوسط خریداری سے تقریباً دو گنا زیادہ ہے۔

Scroll to Top