(کشمیر ڈیجیٹل)راولپنڈی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث فیض آباد کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور متعدد مقامات پر لوگ پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث لاہور اور اسلام آباد کے تمام داخلی راستے دوسرے روز بھی بند ہیں، جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ لاہور میں داخلی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ سگیاں پل، راوی پل اور پرانے راوی کے راستے مکمل طور پر سیل ہیں۔ لاہور پریس کلب اور ملحقہ علاقوں میں بھی متعدد کنٹینرز موجود ہیں، جس سے شہریوں کو ضروری کاموں کے سلسلے میں شدید دقت پیش آرہی ہے۔
لاہور سے اسلام آباد موٹروے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ لاہور داخلے کے لیے بابوصابو اور ٹھوکر نیاز بیگ سے موٹروے انٹری بند ہے۔
اسلام آباد میں موٹروے پر آنے والے تمام راستے بند جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس دوسرے روز بھی معطل ہے۔
وزیرآباد میں جی ٹی روڈ کو مولانا ظفر علی خان بائی پاس اور چناب ٹول پلازہ کے قریب کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ خانکی بیراج، سیالکوٹ ایئرپورٹ، گجرات اور دریائے چناب پل کے قریب خندقیں کھود کر آمدورفت روک دی گئی ہے۔ کھاریاں، سرائے عالمگیر اور خانپور ہزارہ کے مقامات پر بھی جی ٹی روڈ مکمل بند ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کو ملانے والے راستوں پر ٹریلر اور کنٹینرز لگائے گئے ہیں۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ سے لاہور جانے والے راستے بند ہیں، ایم فور موٹروے پر لاہور کی جانب جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ سیالکوٹ اور ڈسکہ کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے بھی بند ہے۔
جڑواں شہروں میں مارچ کی کال کے پیش نظر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ داخلی و خارجی راستوں سمیت اندرون شہر کی متعدد سڑکیں بند ہیں، موبائل اور انٹرنیٹ سروس تاحال معطل ہے جبکہ ریڈ زون مکمل طور پر سیل ہے۔ اسلام آباد میں چھوٹی گاڑیوں کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھولی گئی ہے، تاہم زیرو پوائنٹ، سری نگر ہائی وے، ڈی چوک، سرینہ اور میریٹ چوک بند ہیں۔ میٹرو بس سروس اور دیگر ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔
راولپنڈی میں مری روڈ، جی ٹی روڈ، اڈیالہ روڈ، پشاور روڈ، سواں پل، کھنہ پل، کری روڈ سمیت بیشتر اہم راستے کنٹینرز اور رکاوٹوں کے باعث بند ہیں۔ فیض آباد انٹرچینج، شمس آباد، سکستھ روڈ، کمیٹی چوک، ناز سینما، وارث خان اور مریڑ چوک پر بھی ٹریفک مکمل معطل ہے۔ چکری، براہمہ اور ٹھلیاں انٹرچینجز سمیت فتح جنگ ٹول پلازہ پر بھی اسلام آباد اور راولپنڈی کی طرف آنے والے راستے بند ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور کے تعلیمی ادارے ہنگامی طور پر بند کیے جا چکے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے راستوں کی بندش پر اعلامیہ جاری کیا تھا، جبکہ پبلک سروس کمیشن اور پنجاب یونیورسٹی کے امتحانات بھی ملتوی ہوچکے ہیں۔ صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ اور جڑواں شہروں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سپریم کورٹ بار انتخابات آج ہو رہے، 482 وکلا ووٹ ڈالیں گے




