چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر کی ملاقات، لیپہ ویلی کے مسائل پر گفتگو

(کشمیر ڈیجیٹل):چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان سے امیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ ویلی اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شوکت جاوید میر نے ملاقات کی، جس میں لیپہ ویلی کے عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران شوکت جاوید میر نے لیپہ ویلی ٹنل کے میگا پراجیکٹ، برتھواڑ گلی، لیپہ بائی پاس اور دفاعی سڑکوں سمیت چودہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز میں سہولتوں کی کمی، ادھورے اسکولوں کی تعمیر، برفباری کے دوران مشینری و عملے کی تعیناتی، خوراک، ادویات اور اسٹاف کی کمی جیسے اہم مسائل پر توجہ دلائی۔

چیف سیکرٹری خوشحال خان نے تمام نکات کو عوامی فلاح و بنیادی انسانی ضروریات قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کو ہمیشہ لاڈلے بھائی کی طرح عزیز رکھتا ہے اور وہاں کے عوام کے اجتماعی و انفرادی مسائل کے حل میں فراخدلی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وادیِ لیپہ دفاعِ وطن کا مضبوط قلعہ ہے، جہاں کے عوام بہادر، خوددار اور قابلِ اعتماد ہیں جنہوں نے ہر موقع پر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کیا۔

شوکت جاوید میر نے چیف سیکرٹری خوشحال خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لیپہ ویلی کے عوام نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نظریۂ استحکامِ پاکستان کی خاطر قربانیاں دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیپہ گارڈز کے کمانڈنگ آفیسر بریگیڈیئر عامر فرید خان اور ان کی ٹیم کے دوستانہ کردار نے عوام میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بھارتی پراکسی الخوارج کے 7 دہشتگرد ہلاک، میجر سبطین حیدر شہید

انہوں نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں دفاعِ پاکستان اور تحریکِ آزادیِ کشمیر کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top