اسلام آباد میں سعودی پاکستان بزنس کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی تجارتی وفد شریک ہوا۔
سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق یہ اجلاس سعودی پاکستان بزنس کونسل کے زیرِاہتمام سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور وزارتِ تجارت کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔
سعودی وفد میں معدنیات، توانائی، زراعت و لائیو سٹاک، تعمیرات، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور ریئل اسٹیٹ کے اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان کے نجی شعبے اور اہم کاروباری اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کا عزم ظاہر کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دوطرفہ تجارت وسرمایہ کاری میں بڑی پیشرفت،اعلیٰ سطحی سعودی وفد اسلام آباد پہنچ گیا
اجلاس کے دوران پاکستانی وزراء، اعلٰی سرکاری حکام اور صنعت کاروں نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بدلتے ہوئے ماحول، ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبوں میں مواقع اور حکومت کی سرمایہ کار دوست اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مشترکہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے کے اشتراک، مشترکہ منصوبہ بندی اور پائیدار اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مؤثر ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد السعود نے پاکستان کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے جاری اصلاحاتی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’سعودی عرب وژن 2030 کے اہداف کے مطابق پاکستان کے ساتھ طویل المدت اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ایک اہم علاقائی شراکت دار ہے جس میں زراعت، معدنیات، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور ریئل اسٹیٹ کے شعبوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔
سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل نے وزارت تجارت کے اشتراک سے سعودی وفد کے لیے ایک خصوصی بریفنگ سیشن کا اہتمام بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور پاکستان میں دفاعی معاہدے کے بعد روزگار کے نئے مواقع کھل گئے
بریفنگ میں پاکستان کے سرمایہ کاری فریم ورک، ضابطہ جاتی اصلاحات اور ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبوں خصوصاً توانائی، معدنیات، زراعت، سیاحت، ریئل اسٹیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں موجود مواقع پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔
دورے کے دوران سعودی وفد کراچی اور لاہور کا بھی دورہ کرے گا جہاں ایس آئی ایف سی صوبائی حکومتوں اور نمایاں کاروباری اداروں کے ساتھ وفد کی ملاقاتوں کو مؤثر انداز میں سہولت فراہم کرے گا۔
ان ملاقاتوں کا مقصد مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں اور پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے علاقائی و قومی سطح پر اقتصادی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ دورہ سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی سرمایہ کاری پر مبنی ترقیاتی حکمتِ عملی کے باہمی اہداف کے حصول کی سمت ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔




