صدر آزاد کشمیر نے یونیورسٹی آف حویلی کے پہلے وائس چانسلر کی منظوری دے دی

(کشمیر ڈیجیٹل) صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جموں و کشمیر جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف حویلی کے پہلے وائس چانسلر کے تقرر کی منظوری دے دی ہے۔

صدر آزاد جموں و کشمیر نے یونیورسٹی آف حویلی ایکٹ کی سیکشن 44 کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد کو بطور وائس چانسلر تعینات کرنے کی منظوری دی۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ “میں نے اپنے دورۂ حویلی کے دوران آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی آف حویلی کے قیام کا اعلان کیا تھا، اور اب اس یونیورسٹی کا باقاعدہ قیام حویلی کے عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے۔”

انہوں نے نو تعینات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خواجہ فاروق احمد کو ہدایت کی کہ جامعہ میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے، تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور یونیورسٹی کو آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کی دیگر جامعات کی صفِ اوّل میں شامل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوالالمپور: شہباز شریف کا اقبال کے شعر کا انگریزی ترجمہ، ملائیشین ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں دل جیت لیے

صدر آزاد جموں و کشمیر و چانسلر آزاد جامعات بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Scroll to Top