اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کو صرف ایک اے آئی اسسٹنٹ سے بڑھا کر آن لائن شاپنگ پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔ نئے فیچر انسٹنٹ چیک آؤٹ کے ذریعے صارفین اب براہِ راست چیٹ میں ہی مصنوعات خرید سکیں گے، جس سے شاپنگ کا عمل تیز اور آسان ہو جائے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق دنیا بھر میں 70 کروڑ سے زائد افراد روزانہ ChatGPTچیٹ جی پی ٹی استعمال کرتے ہیں، اور اس پر یومیہ 2.5 ارب سے زیادہ پرامپٹس تخلیق کیے جاتے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد ایسی ہے جو پہلے ہی مصنوعات کی تجاویز سے متعلق ہوتی ہیں، اس لیے یہ فیچر براہِ راست خریداری کو ممکن بنانے کے لیے متعارف کیا گیا ہے۔
یہ نظام اسٹریپ (Stripe)، ایٹسی (Etsy) اور شاپی فائی (Shopify) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، تاکہ صارفین کو محفوظ اور قابلِ اعتماد ادائیگی کا طریقہ فراہم کیا جا سکے۔
انسٹنٹ چیک آؤٹ کیسے کام کرتا ہے؟
ایجنٹک کامرس پروٹوکول کے تحت یہ فیچر چند آسان مراحل پر مشتمل ہے:
- صارفین مصنوعات تلاش کرکے منتخب کریں گے۔
- “Buy” بٹن دبانے پر ادائیگی اور شپنگ کی تفصیلات کی تصدیق ہوگی۔
- ChatGPT ٹیکس اور شپنگ لاگت حساب کرکے کل رقم دکھائے گا۔
- ادائیگی Stripe کے ذریعے محفوظ انداز میں مکمل ہوگی۔
آرڈر کو تاجر قبول یا مسترد کر سکیں گے جبکہ صارف کو ہر مرحلے پر واپسی کا اختیار ہوگا۔
اعتماد اور سکیورٹی کے اقدامات:
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ ڈیٹا شیئرنگ کو کم سے کم رکھا گیا ہے، صرف وہی معلومات تاجروں کو فراہم ہوں گی جو آرڈر مکمل کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ ادائیگی ٹوکنز محفوظ طریقے سے بنائے جاتے ہیں اور تمام لین دین انکرپٹڈ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 750 روپے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 15 اکتوبر کو مظفرآباد میں ہوگی
فی الحال یہ فیچر چند مخصوص پلیٹ فارمز اور تاجروں کے لیے جاری کیا گیا ہے، تاہم توقع ہے کہ مستقبل قریب میں مزید کمپنیاں اس ٹیکنالوجی کو اختیار کریں گی۔ اطلاعات کے مطابق اوپن اے آئی اسے ChatGPT Pulse تک بڑھا سکتا ہے تاکہ چیٹ ہسٹری کی بنیاد پر مصنوعات کی تجاویز دی جا سکیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حریف پلیٹ فارمز جیسے گوگل جیمینائی بھی جلد اسی طرح کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔




