عرب ممالک کا ٹرمپ کے غزہ امن منصوبےکا خیرمقدم

عرب ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، اردن، متحدہ عرب امارات، مصر اور قطر نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جس میں صدر ٹرمپ کی غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ فریقین کے ساتھ تعاون کے ذریعے معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اعلامیے میں اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ نے امریکی صدر کی قیادت اور خلوص نیت پر مبنی کاوشوں کو سراہا۔ وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا مقصد غزہ میں جاری جنگ کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن قائم کرنا ہے۔

مشترکہ بیان کے مطابق اس منصوبے میں غزہ کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام، مغربی کنارے کے انضمام کی مخالفت اور ایک جامع امن فریم ورک کی تجاویز شامل ہیں۔

اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکی شراکت داری سے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے معاہدے کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔

مزید کہا گیا کہ ایک ایسا جامع معاہدہ سامنے لایا جائے گا جس کے تحت غزہ میں انسانی امداد بلا رکاوٹ پہنچے، فلسطینی عوام کی بے دخلی نہ ہو، یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی جائے اور ایسا سیکیورٹی نظام قائم کیا جائے جو تمام فریقین کے تحفظ کو یقینی بنائے جبکہ اسرائیلی فوج مکمل انخلا کرے۔

اعلامیے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ غزہ کی تعمیر نو کے ساتھ ایک منصفانہ امن قائم کیا جائے جو دو ریاستی حل پر مبنی ہو، کیونکہ یہی حل خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔

Scroll to Top