پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں یکم اکتوبر سے اضافہ متوقع

یکم اکتوبر 2025 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایکس ریفائنری اور ایکس ڈپو دونوں سطحوں پر قیمتوں کا نیا تعین کیا جا رہا ہے جس کی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ بتایا جا رہا ہے۔

تخمینے کے مطابق پٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 160 روپے 93 پیسے سے بڑھ کر 162 روپے 90 پیسے فی لٹر ہو جائے گی، یعنی فی لٹر 1 روپے 97 پیسے (1.2 فیصد اضافہ)۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت بھی 172 روپے 65 پیسے سے بڑھ کر 175 روپے 13 پیسے فی لٹر ہو جائے گی، یعنی 2 روپے 48 پیسے (1.4 فیصد اضافہ)۔

مٹی کے تیل کی ایکس ریفائنری قیمت 151 روپے 62 پیسے سے بڑھ کر 156 روپے 27 پیسے فی لٹر ہونے کا امکان ہے، یعنی 4 روپے 66 پیسے (3.1 فیصد اضافہ)۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 141 روپے 63 پیسے سے بڑھ کر 143 روپے 39 پیسے فی لٹر ہو سکتی ہے (1 روپے 76 پیسے اضافہ)۔

ایکس ڈپو سطح پر بھی یہی اضافہ متوقع ہے۔ پٹرول کی قیمت 264 روپے 61 پیسے سے بڑھ کر 266 روپے 58 پیسے، ڈیزل کی قیمت 272 روپے 77 پیسے سے بڑھ کر 275 روپے 25 پیسے ہو سکتی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 179 روپے 96 پیسے سے بڑھ کر 184 روپے 61 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 163 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 165 روپے 18 پیسے فی لٹر ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اوگرا قیمتوں کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجے گی، جسے وزارت خزانہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے لیے پیش کرے گی۔

ماہرین کے مطابق اگر نئی قیمتوں کی منظوری ہو گئی تو اس سے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھے گا، خاص طور پر کم اور متوسط طبقے پر جو پہلے ہی ریکارڈ توڑ مہنگائی، بجلی کے بلوں اور خوراک کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسکراہٹ کے طبی فوائد: سادہ عمل جو صحت کو بہتر بناتا ہے

یاد رہے کہ گزشتہ جائزے میں حکومت نےپیٹرول کی قیمت برقرار رکھی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 78 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

Scroll to Top