واشنگٹن (کشمیر ڈیجیٹل )وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات جاری ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں ۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف پاکستانی وفد کے ہمراہ واشنگٹن کے اینڈریوز ائیر بیس پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹ پر امریکی ائیر فورس کے اعلیٰ عہدیدار نے استقبال کیا ۔
وزیرِ اعظم کا موٹرکیڈ امریکی سکیورٹی کے حصار میں ائیربیس سے روانہ ہوا۔ وزیراعظم اب سے کچھ دیر قبل وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں ان کی اوول آفس میں امریکی صدر سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے ۔
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے ملاقات شروع ہونے سے قبل امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران کہا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیت کے مالک ہیں ، امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان بھی شاندار شخص ہیں ۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اوول آفس میں جاری اس ملاقات کے دوران مئی 2025 میں ہونے والی پاک بھارت جنگ اور مسئلہ کشمیر سمیت عالمی و علاقائی معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، امریکی صدر سے کچھ دیر بعد اہم ملاقات ہوگی
اس سے پہلے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق صدر ٹرمپ سے مسلم رہنماؤں کی ملاقات مفید رہی ، اب اگلا مرحلہ طے کیے گئے نکات پر عمل درآمد کا ہے ۔
انہوں نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق میں پاکستانی افواج نے ہندوستان کو شکستِ فاش دی ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دنیا کو دکھایا کہ کس طرح جنگیں لڑی جاتی ہیں۔
نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف سے بنگلا دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس کی بھی ملاقات ہوئی، اس دوران وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور علاقائی تعاون و ترقی پر مبنی تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم دُہرایا۔




