مظفرآباد ( کشمیر ڈیجیٹل) سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کوئی ترنوالہ نہیں ، بھارتی وزیر دفاع کو 10 مئی 2025 کا سبق یاد رکھنا چاہیے۔ کشمیری گزشتہ 77 برس سے بھارتی جبر کیخلاف مردانہ وار ڈٹے ہوئے ہیں،پاکستان کیساتھ اپنی وابستگی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرینگے ۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں عوام ہمیشہ اپنے بنیادی مسائل کے حوالے سے آواز بلند کرتے رہے ہیں ، حالیہ تحریک بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اس پر ہندوستان کو خوش ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے ایک پوری نسل کی قربانی دی ہے اور پاکستان کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں ، ہم پاکستان اور اس کے اداروں کے شانہ بشانہ دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار کھڑے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جتھے کوخطے کا آئینی ڈھانچہ تباہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، راجہ فاروق حیدر
نریندرمودی اپنے کارخاص راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ کے ساتھ مل کر جو کھیل کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے ، ایک بار پھر اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
آزادکشمیر قربانیوں کے نتیجے میں آزاد ہوا ہے ، اسے کسی بین الاقوامی سازش کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے ۔
راجہ فاروق حیدر خان نے مزید کہا کہ آزادکشمیر کا بچہ بچہ پاکستان کا بے لوث سپاہی ہے ، پاکستان ہماری آرزوؤں اور امیدوں کا مرکز و محور ہے ۔
حصولِ منزل کے لیے ہر طرح کی قربانی دیں گے اور انشاء اللہ یہ سفر اپنی کامیاب منزل تک ضرور پہنچے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کا مینڈیٹ نہیں، آئین پامال کرنا چاہتی ہے: راجہ فاروق حیدر




