اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور مختلف ویب سائٹس پر یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ 23 ستمبر 2025 کو پاکستان میں عام تعطیل ہوگی۔
تاہم حقائق کے مطابق یہ خبریں درست نہیں۔ ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو عام تعطیل صرف سعودی عرب میں ہوگی، پاکستان میں نہیں۔
پاکستانی میڈیا کے بعض اداروں نے یہ تاثر دیا کہ حکومت پاکستان نے 23 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے اور نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے، جس سے عوام میں غلط فہمی پھیل گئی۔
سرکاری سطح پر جاری کی گئی 2025 کی تعطیلات کی فہرست میں 23 ستمبر کو کسی بھی عام تعطیل کا ذکر موجود نہیں۔ البتہ 22 ستمبر کو “ایکنوکس” یعنی موسمی تبدیلی کا اندراج ضرور ہے، لیکن وہ بھی عوامی چھٹی کے زمرے میں شامل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا بڑا فیصلہ: ویزا فیس ایک لاکھ ڈالر، پاکستان بھی متاثر
دراصل23 ستمبر کو سعودی عرب میں 95 واں “نیشنل ڈے” منایا جا رہا ہے، جو ملک کے 1932 میں قیام کی یاد میں ہر سال سرکاری تعطیل کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ تاہم یہ دن صرف سعودی عوام کے لیے عام تعطیل ہے، پاکستان میں اس کا اطلاق نہیں ہوتا۔