صوبائی ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے ملک کے مختلف شہروں میں جعلی ادویات کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے بخار، جسمانی درد، امراضِ نسواں اور ذہنی دباؤ (انزائٹی) کی جعلی دوائیں برآمد کی ہیں ۔
اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ ڈریپ کے مطابق ڈرگ کنٹرول حکام نے مختلف میڈیسن مار کیٹوں میں چھاپے مار کر تین جعلی ادویات کے بیچز پکڑ لیے ۔
صوبائی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے ان ادویات کے سیمپلز کا تجزیہ کیا جس میں یہ جعلی ثابت ہوئیں کیونکہ ان میں مطلوبہ سالٹ موجود نہیں تھا۔ یہ ادویات ڈرگ ایکٹ 1976 کی دفعہ 3 کے تحت جعلی قرار دی گئی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پروپیگنڈے کا بہترین جواب، وفاقی وزیرنے بیٹی کوسروائیکل کینسرکی ویکسین لگوادی
جعلی ادویات کی تفصیل درج ذیل ہے ، انزائٹی کے علاج کا انجکشن ڈیزیلیو 2ml (بیچ نمبر DZ44)امراضِ نسواں کی دوا ایفاسٹون ٹیبلٹ (بیچ نمبر 41160)بخار اور جسم درد کا سیرپ پیراکیئر سیرپ (بیچ نمبر PE042)الرٹ کے مطابق ان ادویات کے لیبل پر کراچی، لاہور اور قصور کی کمپنیوں کے ایڈریس درج ہیں، تاہم یہ ادویات غیر قانونی طور پر تیار کی گئیں اور مارکیٹ میں سپلائی کی گئیں ۔
ڈریپ نے واضح کیا ہے کہ جعلی ادویات کی افادیت مشکوک ہے اور ان کا استعمال انسانی جان کیلئےخطرناک ہوسکتا ہے ۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسی ادویات کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں ۔
صوبائی ڈرگ کنٹرول حکام اور ریگولیٹری فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی ادویات کی نگرانی بڑھائی جائے، ان کے بیچز فوری طور پر مارکیٹ سے ضبط کیے جائیں اور ڈسٹری بیوٹرز و میڈیکل اسٹورز بھی اس حوالے سے تعاون یقینی بنائیں ۔




