دفاعی معاہدہ،اسلام آباد میں سجاوٹ،ریاض کی بلند وبالاعمارتیں بھی سعودی وپاکستانی پرچم کے رنگوں سے منور

اسلام آباد/ریاض:پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی دفاعی معاہدہ کے بعدوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عمارتوں کو سبز رنگوں سے سجایا گیا جبکہ سعودی عرب کے دارلحکومت ریاض میں بلند وبالا عمارتوں کو بھی سعودی عرب اور پاکستانی پرچم کے رنگوں سے منور کیاگیا۔

اسلام آباد کی اہم شاہراہوں، انڈر پاسز، چوراہوں اور انٹرچینجز کو دونوں ممالک کے قومی پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب، تاریخی دفاعی معاہدہ، مشترکہ اعلامیہ جاری

شاہراہ دستور، مارگلہ ایونیو، جناح ایونیو، اسلام آباد ایکسپریس وے اور سری نگر ہائی وے سمیت مرکزی راستے روشنیوں سے جگمگا اٹھے۔

ڈپلومیٹک انکلیو، پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر کو بھی دلکش لائٹس سے مزین کیا گیا جبکہ جناح کنونشن سینٹر، سرینہ ہوٹل، بلیو ایریا اور ایف سکس، ایف سیون کے کمرشل مراکز کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔

سی ڈی اے کے عملے نے شہر کی آرائش کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور انتظامات کیے۔ شہریوں کے مطابق قومی پرچموں اور روشنیوں سے آراستہ یہ مناظر اسلام آباد کے حسن کو دوبالا کر رہے ہیں۔

یہ سجاوٹ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی اور بھائی چارے کو خراجِ تحسین ہے بلکہ مستحکم تعلقات اور مشترکہ ترقی کے عزم کی علامت بھی قرار دی جا رہی ہے۔

ادھر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی عمارتوں پرپاکستان کا سبز، سفید ، ہلالی اور ستارے والا پرچم جگ مگ کررہا ہے، ساتھ ہی سعودی عرب کا سبز پرچم بھی جگمگا رہا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے شہریوں کی جانب سے اس عمل کو خوب سراہا جارہا ہے۔

Scroll to Top