لطیف اکبر کی زیرقیادت وفد کی ملاقات،پارلیمان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اجاگر کیا ، ایاز صادق

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایوان میں تمام اراکین میرے لیے یکساں ہیں، پارلیمان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو علاقائی و عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ہے اور بھارت طاقت کے بل پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

سپیکر آزاد کشمیراسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل پر آنیوالا دولہا فرنٹ سیٹ پرسپیکر پیچھے،چوہدری لطیف اکبر نے مثال قائم کردی

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے اور فلیش فلڈنگ کے خطرات پر تشویش ظاہر کی اور پنجاب کے سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی غیر متزلزل حمایت قابلِ ستائش ہے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔

چوہدری لطیف اکبر نے اسپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی سفارتکاری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ 10 مئی کی کامیابی پاکستان کی عسکری و سفارتی فتح ہے۔

Scroll to Top