ارشد ندیم آج ورلڈ ایتھلیٹکس میں نیرج چوپڑا کے مدمقابل

(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ جویلن تھروور ارشد ندیم آج ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے کوالیفکیشن راؤنڈ میں بھارت کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا کے مدمقابل ہوں گے۔

ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا جس میں دنیا کے نامور ایتھلیٹس حصہ لیں گے۔ شائقین کی نظریں خاص طور پر ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا کی اس مقابلے پر مرکوز ہیں، جو کئی ماہ کے وقفے کے بعد ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کی موجودگی نے اس ایونٹ کو نہایت دلچسپ بنا دیا ہے، جبکہ جرمنی کے نمایاں جویلن تھروور جولیان ویبر بھی مقابلے کا حصہ ہیں۔

مقابلے سے قبل ارشد ندیم نے اپنے مداحوں سے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔ پاکستان بھر میں شائقین کھیل ارشد ندیم کے لیے نیک تمناؤں اور حوصلہ افزائی کے پیغامات بھیج رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جویلن تھرو کے فائنل مقابلے 18 ستمبر کو ہوں گے، اور آج کا کوالیفکیشن راؤنڈ فائنل کے لیے کھلاڑیوں کی راہ متعین کرے گا۔

یہ بھی پہلا موقع ہوگا جب ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا رواں برس مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بعد میدان میں آمنے سامنے آئیں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کی یہ مسابقت سرحدوں سے بڑھ کر ایک علامتی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جس کی وجہ سے ان کے مقابلے کھیلوں کے مداحوں کے لیے خصوصی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا منی بجٹ پر غور، عوام پر اضافی بوجھ متوقع

Scroll to Top