ننھے اسٹار عمر شاہ کی اچانک موت کی اصل وجہ سامنے آگئی!

(کشمیر ڈیجیٹل)سوشل میڈیا پر مشہور ننھے اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ کے اچانک انتقال کی وجہ سامنے آگئی ہے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمر شاہ ڈیرہ اسماعیل خان میں انتقال کر گئے۔ بھائی کے انتقال کی خبر احمد شاہ نے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ “ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ اللہ تعالیٰ کے حضور واپس لوٹ گیا ہے”۔

ٹی وی میزبان وسیم بادامی نے ایک ویڈیو میں اس افسوسناک واقعے پر تعزیت کرتے ہوئے بتایا کہ عمر شاہ کا انتقال آج صبح فجر کے وقت ہوا۔ ان کے مطابق ڈاکٹر نے بتایا کہ عمر شاہ کو الٹی ہوئی تھی جو پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس کے باعث آکسیجن کی کمی ہوئی اور دل و خون کی شریانوں کے نظام رک جانے (Cardiovascular Arrest) کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔

وسیم بادامی نے عوام سے مرحوم کے اہلِ خانہ کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: ماہنور ظفر لیبر پارٹی ویمن ونگ برطانیہ کی سیکریٹری جنرل منتخب

واضح رہے کہ عمر شاہ اپنے بھائی احمد شاہ کے ساتھ رمضان ٹرانسمیشنز، مارننگ شوز اور مختلف گیم شوز میں شریک رہے، جہاں ان کی معصوم باتوں اور مسکراہٹوں نے ناظرین کے دل جیت لیے۔

Scroll to Top