کشمیر اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان!

(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ 15 ستمبر کی شام سے 19 ستمبر تک کشمیر اور ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے اضلاع نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بارش اور گرج چمک کے امکانات ہیں۔ شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ و شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک اور وزیرستان میں بھی 16 سے 19 ستمبر کے دوران بارش اور طوفانی ہواؤں کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی 16 سے 19 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ادھر پنجاب کے کچھ حصوں میں بھی بارش کا امکان ہے، تاہم سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقے خشک رہیں گے، البتہ ساحلی پٹی پر جزوی ابر آلود موسم رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں اور آندھی کے باعث کمزور ڈھانچوں، کچے مکانوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کریں۔

Scroll to Top