ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا نیا اسپیل برسنے کو تیار

(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے ایک اور اسپیل کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق آج اور کل (ہفتہ و اتوار) ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ مری، گلیات، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور جہلم میں بھی بارش متوقع ہے۔ کوہستان، سوات، بٹگرام، دیر اور ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ گلگت بلتستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

کراچی کے بارے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا سلسلہ 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔ شہر کا موسم آئندہ چند روز تک گرم و مرطوب رہے گا تاہم بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔ محکمہ کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں جو 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث اچانک بادل بننے اور بارش ہونے کے امکانات ہیں۔

بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اگلے چند روز تک موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہا، البتہ ٹھٹہ اور لسبیلہ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز کا پنجاب کنگز کی متنازع پوسٹ پر کرارا جواب

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 42 ڈگری، چلاس میں 41 اور بونجی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Scroll to Top