(کشمیر ڈیجیٹل)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف، نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیر والا، ملتان میں سیلاب ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سیلاب کی صورتحال اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے دورے کا مقصد سول انتظامیہ اور فوج کے مابین ہم آہنگی کو بہتر بنانا تھا تاکہ متاثرہ آبادی کو مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور سول انتظامیہ کے دیگر سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران آرمی چیف کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سول انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بہتر طرز حکمرانی اور عوامی شمولیت پر مبنی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کے تحفظ کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت تمام اقدامات تیز رفتاری سے کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
انہوں نے سول اور عسکری اداروں کے قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ کمیونٹیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششیں ضروری ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی فلاح کے تمام اقدامات میں پاکستان آرمی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آرمی چیف نے ان متاثرین سے بھی ملاقات کی جنہیں پاک فوج اور سول انتظامیہ نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا تھا۔ متاثرین نے مشکل وقت میں بروقت مدد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے لیے تعاون جاری رہے گا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے ریلیف آپریشن میں شریک فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اہلکاروں اور پولیس افسران سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور مشکل حالات میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر ان اداروں نے بروقت امداد اور سہولت یقینی بنانے میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روس میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری
آرمی چیف نے لاہور-قصور اور ملتان-جلالپور پیر والا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصان اور جاری ریلیف سرگرمیوں کا معائنہ کر سکیں۔ فیلڈ مارشل کے استقبال کے لیے لاہور اور ملتان کور کے کمانڈرز موجود تھے۔