اسلام آباد، راولپنڈی کے درمیان ریل کار چلانے کی تیاری، وزیراعظم کا بڑا حکم جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی و اسلام آباد کے سنگم پر ٹی چوک فلائی اوور کے تعمیراتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس کو ڈیڑھ ارب روپے کی مالیت سے 5 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ وفاقی دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک کلومیٹر طویل یہ فلائی اوور ایکسپریس ہائی وے اور دیگر علاقوں کو ملانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے ساتھ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد سے راولپنڈی کے مسافروں کے لیے ریل کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل میٹرو اور بس سروس، نئی بسیں اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریل کی پٹری موجود ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی عوام کے لیے ایک بہترین سہولت فراہم ہوگی۔

اس موقعے پر شہباز شریف نے وزارت ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ریل کے ذریعے منسلک کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرے تاکہ جڑواں شہروں کے شہریوں کے لیے آمد و رفت کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2005 :پاکستان نے عمان کو بھاری مارجن سے شکست دیدی

Scroll to Top