فارورڈ کہوٹہ (کشمیر ڈیجیٹل) ضلع حویلی میں آئی سی بی ڈبلیو ایم ڈویژن کے زیر اہتمام ’’زمین کی بیٹی صنفِ آہن ‘‘ کے پراثر سلوگن کے تحت حویلی کے تعلیمی اداروں، ایم ڈی شہید کالج اور نیو پونچھ ماڈل سکول میں شجرکاری کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے اور نوجوان نسل میں شجرکاری کی اہمیت اجاگر کرنا تھا ۔
تقریب میں ڈویژنل فاریسٹ آفیسر (ڈی ایف او) نوید موسیٰ اور منیجنگ ڈائریکٹر جمیل شریف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ انہوں نے طالبات کے ہمراہ پودے لگاکر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا ۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت ہماری بقاء کے ضامن ہیں ۔ یہ نہ صرف فضائی آلودگی کو کم کرتے ہیں بلکہ زمینی کٹاؤ روکنے ، موسم کو معتدل بنانے اور آئندہ نسلوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گڑھی دوپٹہ میں ’’ہمارے شہداء ہمارا فخر‘‘ کے عنوان سے شجر کاری تقریب
اس موقع پر طالبات کو خصوصی طور پر اس بات کی ترغیب دی گئی کہ وہ نہ صرف سکول بلکہ اپنے گھروں اور گاؤں میں بھی شجرکاری مہم کو آگے بڑھائیں تاکہ معاشرہ سرسبز و شاداب بن سکے ۔
تقریب کے اختتام پر طالبات میں پودے تقسیم کیے گئے ۔ اس اقدام کا مقصد یہ تھا کہ ہر طالبہ اپنے حصے کا ایک درخت لگا کر اس کی نگہداشت کرے اور یوں اجتماعی طور پر سبز و شاداب پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں شریک ہو ۔
یہ تقریب نہ صرف ایک ماحولیاتی سرگرمی تھی بلکہ اس نے طالبات میں شعور و ذمہ داری کا احساس بھی اجاگر کیا کہ وہ مستقبل کی معمار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک صحت مند اور خوشحال ماحول کی ضامن بھی ہیں ۔




