(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز، یورپی ایف کلاس چیمپئن شپ میں قومی نشانہ باز اسد واحد نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔
برطانیہ کے تاریخی بزلی شوٹنگ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں امریکا، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ اور پاکستان سمیت 400 سے زائد ماہر نشانہ بازوں نے شرکت کی۔ پاکستانی شوٹر اسد واحد نے ایف اوپن کیٹیگری میں 1000 گز کے مقابلے میں سلور میڈل جیتا اور روٹ لینڈز ٹیم میچ میں بھی شاندار کارکردگی سے قومی پرچم بلند کیا۔ انہوں نے 450 میں سے 419 پوائنٹس حاصل کیے اور ٹاپ 5 میں جگہ بنائی۔
ایف ٹی آر کیٹیگری میں اسد واحد نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 208 عالمی شہرت یافتہ نشانہ بازوں کا سامنا کیا، جہاں کھلاڑیوں کو 800، 900 اور 1000 گز کی فاصلوں پر چھ مراحل سے گزرنا پڑا۔ اسد واحد نے “تھری لائنز” ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور اٹلی جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔ ان کی بہترین نشانہ بازی کے اعتراف میں انہیں ٹاپ 5 اوورآل ایوارڈ بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ نے بھارت اور چین سے متعلق یورپی یونین حکام سے بڑا مطالبہ کردیا !
قومی نشانہ باز اسد واحد برٹش نیشنل لیگ سمیت درجنوں قومی و بین الاقوامی ٹرافیاں اور سینکڑوں میڈلز جیت چکے ہیں۔ ان کی یہ کامیابی صرف ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔




