کراچی ( کشمیر ڈیجیٹل ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سماجی رہنما شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش ماحولیاتی اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، ہمیں ماضی میں الجھنے کے بجائے آنے والے وقت کے لیے سنجیدہ فیصلے کرنے ہوں گے ۔
نجی ٹی وی کو دئیےگئے انٹرویو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر فیصلے کرنا ہوں گے ۔ درختوں اور پہاڑوں کی کٹائی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خود اپنی زمین کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبوں کے بجائے ہمیں چھوٹے ڈیمز بنانے کی ضرورت ہے جو عوامی ضرورت کو فوری طور پر پورا کر سکیں۔ انہوں نے کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کالاباغ ڈیم بھاڑ میں جائے، ملک کو چھوٹے ڈیمز کی ضرورت ہے تاکہ پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے اور سیلابی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے ۔
شاہد آفریدی نے حالیہ سیلابی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بونیر، صوابی اور باجوڑ بدترین متاثر ہوئے ہیں ۔ ان کے مطابق صوابی میں ریسکیو کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاہم ریلیف اور بحالی کا کام تاحال باقی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ : افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو بھاری مارجن سے شکست دیدی
سابق کپتان نے خبردار کیا کہ اگر ماحولیاتی تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ اس سے بھی زیادہ خطرناک حالات پیدا ہو سکتے ہیں ۔ ہمیں کسی بڑے حادثے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے ، سوال یہ ہے کہ ہم ملک کے لیے کب درست فیصلے کریں گے؟




