(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں 8 اور 9 ستمبر کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جس کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات اور بالائی خیبرپختونخوا کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ مظفرآباد کے مطابق دریائے جہلم میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ اور ایس ڈی ایم اے کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے کناروں پر نہ جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی کنٹرول روم (05822-920055) یا ایس ڈی ایم اے کنٹرول روم (05822-921643) سے رابطہ کریں۔ انتظامیہ نے کہا کہ کسی بھی تبدیلی کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے بھی وارننگ جاری کی ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع جن میں میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، تھرپارکر، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، حیدرآباد، دادو اور کراچی شامل ہیں، میں نشیبی اور ساحلی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حب ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے پہلے سے سیلاب زدہ علاقوں میں مزید بارشوں کے باعث صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ بلوچستان کے مشرقی و جنوبی حصوں اور دادو کے کِیرتھر پہاڑی سلسلے میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
پیر کے روز سندھ، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان میں متعدد مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
انتظامیہ اور محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں اور آندھی جھکڑ کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہوسکتے ہیں، کچے مکانات، دیواریں، بجلی کے کھمبے اور بل بورڈز گرنے کا اندیشہ ہے جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو خصوصی احتیاط برتنے اور روانگی سے قبل موسم کے تازہ ترین حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی سندھ اور پنجاب کے بعض مقامات پر جبکہ کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور لسبیلہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ریکارڈ کی گئی۔
پنجاب میں سب سے زیادہ بارش جہلم میں 136 ملی میٹر جبکہ منگلا میں 99 ملی میٹر ہوئی، اسی طرح خانیوال، نورپور تھل، لیہ، راولپنڈی، اسلام آباد، ساہیوال اور دیگر شہروں میں بھی نمایاں بارش ہوئی۔ سندھ میں مٹھی میں 105 اور چھور میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ میرپورخاص میں 12 ملی میٹر بارش ہوئی۔ خیبرپختونخوا میں ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پاراچنار اور چراٹ میں بھی بارش ہوئی۔
آزاد کشمیر کے راولا کوٹ میں 12 اور کوٹلی میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دوسری جانب آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور نوکنڈی میں 42 جبکہ دالبندین میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جلالپور پیروالا میں اونچے درجے کا سیلاب، انخلا کی کوششیں تیز




