پی ٹی آئی کی رجسٹریشن چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی پر ہوگی ،سیکرٹری

مظفرآباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاکشمیر نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی رجسٹریشن کی فائل مکمل تیار ہے، چیف الیکشن کمیشن کی تعیناتی ہونے پر رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوجائیگا۔

پی ٹی آئی کے مرکزی راہنما اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمن کے ہمراہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔

اپوزیشن لیڈر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو باور کروایا کہ کہ پارٹی رجسٹریشن نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور عوام میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے یقین دلایا کہ جونہی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی عمل میں آجائے گی آپ کی رجسٹریشن کا کیس فائل بالکل تیار ہے اور منظوری کے لیے فائل چیف الیکشن کمشنر کے آفس میں پہنچادی جائیگی۔

اس وقت رجسٹریشن کے عمل میں صرف چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی نہ ہونا رکاوٹ ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ وزیراعلیٰ جی بی حاجی گلبرخان سمیت 6اہم ارکان پی ٹی آئی سے نکال دئیے گئے : نوٹیفکیشن جاری

خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ بطور لیڈر آف اپوزیشن میری بھرپور کوشش رہی ہے کہ اس آئینی عہدہ پر جو 14جنوری 2025ء سے خالی ہے پر اپنے فرائض ذمہ داری کے مطابق اپنا کردار ادا کروں۔

اس حوالے سے وزیراعظم سے میٹنگز بھی کرچکا ہوں انہیں مکتوب برائے مشاورتی میٹنگ بھی لکھا ہے اسمبلی میں بھی ان کی توجہ دوران اجلاس اس آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے کی جانب دلائی ہے۔

وزیراعظم پاکستان چیئرمین کشمیر کونسل کو بھی مکتوب تحریر کرچکا ہوں ،امید ہے ستمبر کے مہینہ میں وزیراعظم آزادکشمیر اس حوالے سے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں گے تاکہ ہماری پارٹی کی رجسٹریشن ہوسکے اور ہماری پارٹی آمدہ انتخابات میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ عمران خان کاویژن لے کر حصہ لے سکے ۔

یہ بھی پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر علیمہ خان کے حق میں بول پڑے ، بانی پی ٹی آئی پر تنقید

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے یقین دلایا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے بعد رجسٹریشن کا عمل جلد مکمل ہوجائے گا۔

Scroll to Top