(کشمیر ڈیجیٹل) ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ کی تعیناتی کے لیے فائنل راونڈ میں مقابلہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ سیاسی جماعتوں، برادریوں اور امیدواروں کے درمیان لابنگ تیز ہو گئی ہے جبکہ فیصلہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور وزیر صحت چوہدری انصر ابدالی کے ہاتھ میں ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں بھرپور لابنگ کرنے والے امیدوار افسران مظفرآباد پہنچ چکے ہیں اور مقامی سطح پر بھی سفارشوں اور رابطوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایوانِ وزیراعظم اور وزارتِ صحت کے دفاتر میں سرگرمیاں جاری ہیں جبکہ اسلام آباد سے فون کالز بھی کی جا رہی ہیں۔
سینیارٹی کے مطابق ای ڈی ایمز ڈاکٹر ادریس مغل سب سے اوپر ہیں جن کے لیے وزیر حکومت سردار ضیاء قمر متحرک ہیں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فاروق اعوان دوسرے نمبر پر ہیں، کارڈیک ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر کامران ریاض ڈار تیسرے نمبر پر، ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ ایم این سی ایچ ڈاکٹر فرحت شاہین چوتھے نمبر پر اور ڈی ایچ او میرپور ڈاکٹر فدا پانچویں نمبر پر ہیں۔
دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب سردار آفتاب اور ایک اسپیشلسٹ کیڈر کے افسر نے بھی مقابلے میں انٹری دی جس کے بعد دوڑ مزید سخت ہو گئی ہے۔
ادھر کارڈیک ہسپتال میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی رپورٹ بھی منظرِ عام پر آ چکی ہے جس میں انسپکشن کمیٹی، پرچیز کمیٹی اور ڈی ڈی او کے کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کے بھائی پر درختوں کی کٹائی کا الزام، محکمہ جنگلات کی وضاحت
واضح رہے کہ ماضی میں وزیر اعظم نے رولز میں تبدیلی کر کے سینیئر وزیر وقار نور کے بھائی کو ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ تعینات کیا تھا۔ موجودہ صورتحال میں یہ تقرری وزیراعظم اور وزیر صحت کے فیصلے کی منتظر ہے، جن کی برادری سے کوئی امیدوار شامل نہیں ہے۔




