مظفرآباد : ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے فاطمہ جناح پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد میں پاکستان کے پہلے ویمن سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر آسیہ اندرابی، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی آزاد کشمیر راشد حنیف، اسٹیشن کمانڈر مظفرآباد، سیکٹر کمانڈر ایس سی او ، ڈی پی آئی کالجز، کمانڈنگ آفیسر 61 سگنل بٹالین، پرنسپل کالج برائے خواتین ودیگر بھی موجود تھے۔
ایس سی او کایہ سنگِ میل منصوبہ آزاد کشمیر میں مجوزہ 11 ٹیکنالوجی پارکس میں سے آٹھویں پارک کی تکمیل ہے جو خطے میں ڈیجیٹل اور شمولیتی ماحول قائم کرنے کے لیے ایس سی او کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
خواتین کے لیے مخصوص یہ پارک جدید، محفوظ اور مکمل سہولیات سے آراستہ ورک اسپیس فراہم کرتا ہے جہاں فری لانسرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور خواتین کاروباری حضرات اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: چین : جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے میزائل لانچ؛ امریکہ کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
اس اقدام کے ذریعے خواتین کو روزگار، کاروباری مواقع اور ہنر سازی کے مواقع میسر آئیں گے جس سے آزاد کشمیر میں خواتین کی سماجی و معاشی بااختیاری ممکن ہو گی۔
خواتین کیلئے پہلےسافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے افتتاح کے بعد ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے پارک کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، نوجوان فری لانسرز سے ملاقات کی اور ان کے کام کو سراہا۔
انہوں نے پارک میں دستیاب جدید سہولیات، بلا تعطل بجلی کی فراہمی، تیز رفتار انٹرنیٹ، اور جدید تربیتی انفراسٹرکچرکو بھی سراہا جو خواتین کے لیے ایک پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرتی ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمراحمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے وقف ٹیکنالوجی پارک کا قیام ایس سی او کے وژن 2025 کی عکاسی کرتا ہے جو کہ ٹیکنالوجی میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دینے اور نوجوانوں خصوصاً خواتین کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں آسان کاروبارکارڈ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبرآگئی
آئی ٹی وژن 2025 کے تحت، اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) نے گزشتہ 20 ماہ میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 17 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور 76 فری لانسنگ ہبز قائم کئے ہیں۔
اقدام کے نتیجے میں 7000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور 1500 سے زیادہ فری لانسرز کو بااختیار بنایا گیا ہے۔
ڈی جی ایس سی او نے کہا کہ ایس سی او کے زیر اہتمام ستمبر 2025 تک 100 مراکز قائم کر کے آئی ٹی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
مظفرآباد میں خواتین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کے قیام کا مقصد ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنا، خواتین کے زیر قیادت اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کو مضبوط بنانا ہے تاکہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
اس موقع پر وزیراعظم کی خصوصی کوارڈینیٹر محترمہ آسیہ اندرابی نے ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ ازاد کشمیر کے حکومت میں پاکستان کا پہلا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک برائے خواتین قائم کر کے ایس سی او نے نئی تاریخ رقم کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔




