حویلی کہوٹہ: موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات

آزاد کشمیر کے ضلع حویلی کہوٹہ کے رہائشی موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ 7750 فٹ کی بلندی پر واقع یہ علاقہ ماضی میں برفباری کے لیے مشہور تھا مگر اس سال برفباری نہ ہونے کے برابر ہےجس کی وجہ سے نہ صرف موسمی نظام درہم برہم ہوا ہے بلکہ شہریوں کی صحت اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

حویلی کہوٹہ کے شہری موسمیاتی تبدیلی کے باعث مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ بچوں اور بزرگوں میں نزلہ، زکام اور دیگر موسمی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ ہو ا ہے۔ پانی کی قلت نے بھی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ برفباری نہ ہونے کی وجہ سے قدرتی پانی کے ذخائر میں کمی واقع ہو رہی ہےجس سے گھریلو ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ یہاں کے زیادہ تر لوگ زراعت اور مویشی پالنے سے روزی کماتے ہیں۔ تاہم پانی کی قلت اور چراگاہوں کی کمی کے باعث ان کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے۔ مویشیوں کے لیے چارہ دستیاب نہیں اور زراعت کے لیے پانی کی عدم فراہمی نے علاقے کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کے غزہ پر قبضے کے بیان پر عالمی ردعمل ، امریکا کی وضاحت جاری

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات کی بے دریغ کٹائی اس علاقے میں موسمیاتی تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ مقامی افراد ایندھن اور لکڑی کے حصول کے لیے جنگلات کاٹ رہے ہیں جس کے باعث ماحولیاتی نظام تباہ ہو رہا ہے۔ جنگلات کی کمی سے نہ صرف بارشوں میں کمی آئی ہے بلکہ درجہ حرارت میں بھی واضح تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ حویلی کہوٹہ کے رہائشیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کی کٹائی روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور پانی کی قلت کا مستقل حل نکالا جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو اس علاقے کی معیشت اور صحت مزید تباہی کا شکار ہو سکتی ہیں۔

Scroll to Top